اسلام آباد: چینی کمپنی نے پاکستان میں ایک بڑے صنعتی منصوبے کے آغاز کا اعلان کردیا، جس سے ملک میں 20 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے صنعتی شعبے خصوصا ٹیکسٹائل اور گارمنٹس میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چینی کمپنی نے پاکستان میں ایک بڑے صنعتی منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس سے ملک میں 20 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔اس منصوبے کے ذریعے سالانہ 400 سے 500 ملین ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا حکومت سرمایہ کاروں کے لیے “ایزی آف ڈوئنگ بزنس (آسان کاروباری ماحول) کی فراہمی کے لیے سرگرم ہے اور خصوصی اقتصادی زونز میں اصلاحات کا عمل جاری ہے تاکہ صنعتی لاگت کو کم کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت اور باصلاحیت افرادی قوت کی بدولت عالمی مینوفیکچرنگ کے لیے ایک بہترین مرکز بن چکا ہے۔جام کمال نے چینی وفد کو ہدایت کی کہ وہ خصوصی صنعتی خام مال کی درآمد سے متعلق اپنی تجاویز وزارت تجارت کو پیش کریں تاکہ ان پر فوری کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں اپنے مثبت کاروباری تجربے کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی افرادی قوت اور صنعتی صلاحیت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی معیار کی مینوفیکچرنگ کے لیے انتہائی موزوں ملک ہے اور وہ یہاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






