اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں مدارس کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو ان کی جماعت سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی اور ہر محاذ پر بھرپور مزاحمت کرے گی۔
مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے حکومت بلوچستان کے رویے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، ورنہ نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کو بند کرنے یا دباؤ میں لانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں کہ یہ کبھی پورا نہیں ہوگا، جمعیت علمائے اسلام ہر قیمت پر دینی مدارس کا تحفظ کرے گی۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ دینی مدارس ان کے لیے ریڈ لائن ہیں، اگر کسی نے اس ریڈ لائن کو عبور کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ مدارس کے خلاف اٹھنے والی ہر سازش کو ناکام بنایا گیا ہے اور آئندہ بھی کسی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ جان بوجھ کر غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ ریاست کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلنے سے باز رہے، ورنہ تمام تر ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






