پی ٹی آئی کا مینار پاکستان جلسہ، لاہور کے مختلف راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے

لاہور (پی این آئی )لاہور میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے جلسے سے قبل مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔لاہور میں پولیس اور انتظامیہ نے جی ٹی روڈ، کپ اسٹور، دو موریہ پل سمیت دیگر علاقوں میں بھی کنٹینرز لگا دئیے ہیں۔ شیخو پورہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے پی ٹی آئی کے قافلوں کو روکنے کے لیے راستے بند کردئیے گئے۔ راوی پل اور ریلویاسٹیشن سیمینارپاکستان جانے والے راستے بند ہیں

جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کیراستے بند ہیں، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگاکربند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کردیاگیا ہے۔انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے

پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماوں کے گھروں پر مسلسل 5 روز سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں متعدد سیاسی ورکرز کو گرفتار کر لیا ہے ۔ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے 10 سے زائد کارکنان کو گرفتار کر لیا، ملتان میں گرفتار کارکنان کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا۔ وہاڑی میں پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے،

پولیس نے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ناظم و سابق چیئرمین ضلع عشر و زکوٰتہ کاشف خان خاکوانی بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں۔بورے والا میں بھی پی ٹی آئی کارکنان اور سینئر رہنماؤں کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے۔ ان چھاپوں میں سینئر رہنما کشف العارفین غوری کو گرفتار کر لیا جبکہ بیشتر رہنما اور کارکنان روپوش ہوگئے۔بھکر میں بھی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مار کر متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، منکیرہ کلورکوٹ اور دریا خان میں بھی پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ادھر میاں چنوں میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں، تھانہ چھب کلاں پولیس، تھانہ صدر پولیس، تھانہ تلمبہ پولیس اور تھانہ سٹی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں کئی کارکنان گرفتار کر لیے۔پی ٹی آئی کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ہمارے متعددد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے رکھا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود جلسہ ضرور ہوگا۔

close