خواتین کے لیے بڑی خوشخبری، دورانِ سفر تحفظ یقینی بنانے کے لیے سسٹم تیار

لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں، خصوصاً خواتین اور فیملیز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے “سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جسے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اس نظام کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ میں اسٹریٹ کرائمز، ہراسانی اور دیگر ایمرجنسی صورتحال پر فوری ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تمام بسوں، ویگنوں، رکشوں اور ٹیکسیوں سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کیو آر کوڈز نصب کیے جائیں گے، جو مسافروں کی آسان رسائی والی جگہوں پر موجود ہوں گے۔

سسٹم کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مسافر اپنے موبائل فون سے گاڑی میں موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کریں گے۔ اسکین ہوتے ہی مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کی تفصیلات فوری طور پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول روم اور متعلقہ پولیس کو ارسال ہو جائیں گی۔

الرٹ موصول ہونے پر قریبی پولیس موبائل یا ڈولفن فورس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر روانہ کی جائیں گی، جس سے مدد کی رسائی کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور ردعمل منٹوں کے بجائے سیکنڈوں میں ممکن ہو سکے گا۔

حکام کے مطابق اس نظام کو مرحلہ وار پورے پنجاب میں نافذ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران زیادہ محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close