پنجاب کے شہریوں کے تحفظ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو محفوظ، جدید اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے “سی ایم پنجاب QR پینک بٹن سسٹم” متعارف کرا دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت متعارف کرایا گیا یہ نظام پبلک ٹرانسپورٹ کو سیف سٹی کے ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک سے منسلک کرے گا۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق صوبے بھر کی بسوں، ویگنوں، رکشوں، ٹیکسیوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں QR پینک بٹن نصب کیا جائے گا۔ اتھارٹی نے کسی اضافی مالی بوجھ کے بغیر یہ نظام اِن ہاؤس تیار کیا ہے۔
پبلک سیفٹی ایپ اور پنجاب سیف سیٹیز اتھارٹی کے ذریعے QR پینک بٹن گھر بیٹھے مفت حاصل کیا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق ایک ہی QR پینک بٹن سسٹم میں کال، ویڈیو کال، لائیو چیٹ، لوکیشن شیئرنگ، گاڑی کی تصدیق اور فوری پولیس رسپانس سمیت 12 حفاظتی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
مسافر سفر کے آغاز پر QR پینک بٹن اسکین کرکے گاڑی، مالک اور ڈرائیور کی تصدیق شدہ معلومات حاصل کر سکیں گے، جبکہ یہ تفصیلات اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی شیئر کی جا سکیں گی۔
ہنگامی صورتحال میں مسافر 15 پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے سیف سٹی سے فوری رابطہ کر سکیں گے۔ ایمرجنسی کی صورت میں مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہوگا، جس کے بعد جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق ڈرائیورز بھی QR پینک بٹن کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کر سکیں گے، جبکہ گاڑی کی ملکیت تبدیل ہونے پر سابقہ QR پینک بٹن غیر فعال ہو جائے گا اور نئے مالک کے ریکارڈ کی اپ ڈیٹ کے بعد نیا QR پینک بٹن جاری کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور QR پینک بٹن پولیس اور شہریوں کے درمیان فوری رابطے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق یہ نظام خواتین، بزرگ شہریوں، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس کا کہنا ہے کہ جدید سرویلنس، اسمارٹ ٹیکنالوجی اور فوری رسپانس سسٹمز کے ذریعے پنجاب بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ ہر شہری کو بروقت مدد اور فوری رسپانس فراہم کیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






