کوئی بھائی بہن نہیں، “وارث “کی جگہ جنرل ساحر شمشاد نے فارم پر اپنی رجمنٹ کا نام لکھ دیا

راولپنڈی (پی این آئی) نئے مقرر کیے جانے والے جنرل ساحر شمشاد مرزا کا تعلق ضلع چکوال کے قصبے ملہال مغلاں سے ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے والد ان کے اوائل عمری میں ہی انتقال کر گئے تھے جس کے بعد انہوں نے سخت محنت سے اپنی زندگی خود بنائی۔ساحر شمشاد مرزاکے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ انتہائی ہنس مکھ، ملنسار، بردبار اور حلیم طبع ہیں۔ ساحر شمشاد مرزا کے دو بیٹے ہیں، بڑا بیٹا ایک جونئیر فوجی افسر ہے جبکہ چھوٹا ابھی زیر تعلیم ہے۔

پی ایم اے کاکول کے لانگ کورس سے پاس آوٹ ہو کر76 سندھ رجمنٹ سے فوجی کرئیر کا آغاز کرنے والے ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹس چیفس آف سٹاف کمیٹی بننے سے پہلے پاکستان آرمی کی سب سے متحرک 10 کور کے کمانڈر تھے۔انہوں نے پاکستان فوج کے چیف آف جنرل سٹاف، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور ایڈجوٹینٹ جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ بطور ڈی جی ملٹری آپریشنز اور چیف آف جنرل سٹاف کے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ملکی سطح پر اہم ذمہ داریاں ادا کیں اور عملی طور پر فوج کے سیکنڈ ان کمانڈ کا کردار ادا کرتے رہے۔ انہوں نے تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کامیاب جنگ، افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے طالبان امریکہ مذاکرات اور چین اور امریکہ کے ساتھ تزویراتی معاملات پر بات چیت میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ ایک خالص پیشہ ور سپاہی ہیں۔ مغربی سرحد، افغان امور اور کشمیر پر عبور رکھتے ہیں۔ غیر سیاسی ہیں۔ وہ فوج اور اس کے جوانوں کی جدید جنگی مہارت میں رہنمائی کریں گے۔ ان کے ساتھی کہتے ہیں کہ اگر ایک عام فوجی افسر دن میں 10 گھنٹے کام کرتا ہے تو یہ 14 گھنٹے کرتے ہیں اور یہ اس وقت سے ان کی عادت ہے جب وہ سیکنڈ لیفٹیننٹ تھے۔ ان کے مطابق ساحر شمشاد مرزا نے اپنے منفرد خاندانی پس منظر کی وجہ سے پہلے دن سے ہی فوج کو اوڑھنا بچھونا بنا لیا تھا۔

ان کے والدین کی پہلے ہی وفات ہو گئی تھی۔ بھائی بہن کوئی نہیں تھا۔ لہٰذا انہوں نے اپنا سب کچھ فوج کو بنا لیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ جب شروع میں کچھ سرکاری فارم پر کرتے وقت ایک جگہ انہیں اپنے وارث کا نام لکھنا تھا تو انہوں نے وہاں آٹھ سندھ رجمنٹ لکھ دیا تھا۔ساحر کے جوانی میں قدم رکھتے ہی ان کے دونوں والدین چند ماہ کے وقفے سے انتقال کر گئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے سخت محنت کی اور والدین کے انتقال کے چند سال بعد فوج میں کمیشن حاصل کر لیا۔۔۔

close