اسلام آباد: ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.47 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 14.52 فیصد تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صرف 9 اشیا سستی ہوئیں، مہنگی ہونے والی اشیا میں کھانے پینے کی اشیا اور سبزیاں نمایاں رہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 22 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ گندم کے 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریبا ً5 فیصد مزید مہنگا ہوگیا۔ اسی دوران ڈیزل کی قیمت میں 3.76 فیصد اور پیٹرول میں 3.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیلے 1.93 فیصد جبکہ پیاز تقریبا 3 فیصد مہنگی ہوئی، تازہ دودھ، چینی، آلو اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔سالانہ بنیادوں پر گندم کا آٹا 57 فیصد سے زائد مہنگا ہوچکا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 64 اور 61 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب چند اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، جہاں چکن 6.34 فیصد اور انڈے 3.83 فیصد سستے ہوئے، جبکہ گزشتہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں بھی 1.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






