الیکشن کمیشن بے ضمیر ہو گیا، عمران خان نے پھر الزامات کی بوچھاڑ کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بے ضمیر ہو گیا، ان کے ساتھ مل کر دھاندلی کر رہا ہے۔ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن چوروں اور لوٹوں کو جتوانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

 

وہ دھاندلی کریں گے ہم انہیں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، ہر پولنگ اسٹیشن پر دس، دس نوجوان ہونے چاہئیں، شریف جو مرضی کر لیں 17جولائی کو تمام نشستیں ہم جیتیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ قوم لوٹوں کو بھی سمجھ گئی ہے اور ڈیزل کو بھی سمجھ گئی ہے، سب کسانوں کو پتا ہے کہ فضل الرحمان کی قیمت کتنی بڑھ گئی ہے، یہ ڈاکو 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے، بیرونی سازش کے تحت یہ ہم پر مسلط کیے گئے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے آتے ہی مہنگائی آسمان پر پہنچادی، یہ ملک کی معیشت کو دو ماہ میں اوپر سے نیچے لے آئے، ہمارے دور میں انڈسٹری نے ترقی کی، کسانوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا، آج ہمارے کسانوں کا معاشی قتل کردیا گیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج ہمیں کہا جارہا ہے ان چوروں کو خود پر مسلط کرنے سے انکار کرو گے تو سزا ملے گی، جو ان چوروں کے ساتھ کھڑا ہے اس کا بھی احتساب ہوگا، جو ان چوروں کے ساتھے کھڑے ہیں قوم ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی، چوروں کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو نہ قوم اور نہ تاریخ معاف کرے گی۔

 

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پُرامن احتجاج کا راستہ روکیں گے تو آپ کو ملک انتشار کی طرف دھکیلیں گے، آزادی اظہار رائے کا راستہ نہ بند کرو لوگوں کو ایف آئی آرز سے نہ ڈراؤ، سب نے ووٹر لسٹ چیک کرنی ہے کیونکہ انہوں نے دھاندلی کی تیاری کی ہے۔

close