ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی بندش کا اعلان، اوگرا بھی میدان میں آگیا، تیل سپلائی کمپنیوں کو وارننگ دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال رکھنے کیلئے اوگرا نے انفورسمنٹ ٹیمیں میدان میں اتار دیں، سپلائی میں تعطل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو معمول کے مطابق بحال رکھنے کیلئے اپنی مشینری متحرک کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا نے پٹرول پمپس کی بندش روکنے کیلئے اپنی انفورسمنٹ ٹیمیں میدان میں اتار دی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں صورتحال کو مانیٹر کریں گے کسی بھی طرح سے ‏سپلائی میں تعطل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اوگرام کی جانب سے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو تمام آؤٹ لیٹس پر ‏پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 25 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کرنے اور پٹرول پمپس بند کرنے کے اعلان کے بعد وزارت پٹرولیم بھی پٹرول سپلائی بحال رکھنے کیلئے تحرک ہو گئی ہے۔ وزارت پٹرولیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئل سپلائی میں مستعدی کیلئے ٹینکرز کو روانہ کر دیا گیا، کل 25 نومبر کو ملک بھر میں پی ایس او، شیل، ٹوٹل سمیت دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن بڑھانے کی سفارش بھی کر دی گئی، اس حوالے سے وزارت خزانہ سے رابطہ کیا گیا ہے، امید ہے یہ معاملہ اگلے 10 دن کے اندر حل ہو جائے گا۔ یاد رہے پاکستان پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں کل پچیس نومبر بروز جمعرات کو ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول پمپ مالکان کو صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپ بند رکھنے کی ہدایت کر دی ہے، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق کل 25 نومبر کو صبح 6 بجے سے ملک بھر بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور چترال میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دھانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم کئے جب کہ ہمیں یقین دھانی بھی کرائی گئی تھی اور ہم نے 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس کی تھی۔

لیکن حکومت نے یقین دہانیوں پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا، اب جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا حکومت سے مزاکرات نہیں ہوں گے۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہم پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔ اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ مارجن پر نظر ثانی سے متعلق سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کرچکے ہیں ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ ہوجائے گا ۔

close