بھائی کی جگہ امتحان دینے والا ڈاکٹر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

کراچی: ایف آئی اے کے بھرتی ٹیسٹ میں ایک ڈاکٹر اپنے بھائی کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا، جبکہ اصل امیدوار کو بھی امتحانی مرکز کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم عابد علی نے مبینہ طور پر جعلی ایڈمٹ سلپ کے ذریعے امتحان دینے کی کوشش کی، جبکہ اصل امیدوار عاشق علی کو بھی موقع سے حراست میں لے لیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جعلی امیدوار پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہے، جبکہ اصل امیدوار سول انجینئرنگ میں ڈپلومہ ہولڈر ہے۔ دونوں کے خلاف ایف آئی اے کرائم سرکل حیدرآباد میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف جعلسازی، دھوکہ دہی اور جعلی دستاویزات استعمال کرنے کی دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بھرتی کے عمل میں جعلسازی، نقالی اور دھوکا دہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close