مریضہ کے ساتھ 27 کروڑ کا مبینہ فراڈ

لاہور: کینسر کی مریضہ سے 27 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ اور چیک ڈس آنر ہونے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چڈھر کے خلاف تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مقدمات لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں ماہ رخ عارف نامی خاتون کی مدعیت میں درج کیے گئے۔ ایف آئی آرز میں مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے مالیت کے تین چیک ڈس آنر ہونے کا ذکر ہے۔

متاثرہ خاتون کا موقف ہے کہ وہ کینسر کی مریضہ ہیں اور علاج و دیگر اخراجات کے لیے اپنی جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے ڈیوس روڈ پر واقع 60 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کا سودا ثاقب خان اور اکبر خان نامی افراد سے کیا۔

خاتون کے مطابق معاہدے کے تحت انہیں 9، 9 کروڑ روپے کے تین چیک دیے گئے جو مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے بنتے ہیں، تاہم جب یہ چیک بینک میں جمع کرائے گئے تو اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ ہونے کے باعث وہ ڈس آنر ہو گئے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم کا مطالبہ کرنے پر ملزمان نے ادائیگی سے انکار کر دیا۔

پولیس نے مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close