لزبن سے لندن ہیتھرو جانے والی ایک پرواز کو اُس وقت غیر متوقع طور پر اپنا راستہ تبدیل کرنا پڑا جب گراؤنڈ اسٹاف کی مبینہ غفلت کے باعث ایک اہلکار کے ہیڈفونز طیارے کے اگلے لینڈنگ گیئر میں پھنس گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی اے پی ایئر پرتگال کی پرواز TP2678 روانگی کے کچھ دیر بعد طیارے کے پچھلے حصے میں موجود مسافروں نے غیر معمولی جھٹکوں اور آوازوں کی شکایت کی۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے حفاظتی وجوہات کے تحت فوری طور پر طیارے کا رخ پرتگال کے شہر پورٹو کی طرف موڑ دیا، جہاں طیارے کی محفوظ لینڈنگ کرائی گئی۔
بعد ازاں معائنے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ایک گراؤنڈ اسٹاف اہلکار نے دیکھ بھال کے دوران اپنے ہیڈفونز طیارے کے اگلے حصے میں چھوڑ دیے تھے، جو ٹیک آف کے وقت لینڈنگ گیئر میں پھنس گئے۔
ایئرلائن کے مطابق یہ فیصلہ احتیاطی تدابیر کے تحت کیا گیا تھا اور اس واقعے سے کسی مسافر کی جان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جہاں صارفین نے اس پر حیرت اور مزاحیہ انداز میں تبصرے کیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






