کینسر اور فالج کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری!

اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے مجموعی طور پر 22 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق ہیلتھ سیکٹر میں 21 جاری اور 12 نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن کے لیے فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ نئے منصوبوں کے لیے 2 ارب 64 کروڑ روپے جبکہ جاری منصوبوں کے لیے 19 ارب 36 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اہم منصوبوں میں اسلام آباد کینسر اسپتال کے لیے 1 ارب 29 کروڑ 76 لاکھ روپے، جبکہ جناح اسپتال اور پولی کلینک منصوبے کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش شامل ہے۔

اسی طرح وزیراعظم کے انسداد ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے 1.5 ارب روپے اور انسداد ذیابیطس پروگرام کے لیے 1 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس سسٹم کی بہتری کے لیے 1 ارب 83 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔

دستاویزات میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی متعدی امراض لیبارٹری کے لیے 1 ارب روپے جبکہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کے لیے 50 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید یہ کہ پمز اسپتال میں اسٹروک اور کریٹیکل کیئر سہولیات کی توسیع کے لیے 1.5 ارب روپے، اسلام آباد کینسر اسپتال کے طبی آلات کی خریداری کے لیے بھی 1.5 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

وزیراعظم قومی صحت پروگرام کے لیے 2 ارب روپے جبکہ ایچ آئی وی، ایڈز، ملیریا اور ٹی بی کنٹرول پروگرام کے لیے 50 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈرگ کنٹرول کے لیے 14 کروڑ روپے اور قومی آبادی ایکشن پلان کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش بھی دستاویزات میں شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close