وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ہر ہفتے ایک اسکول میں خود کلاس لینے کے فیصلے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے تدریس کا آغاز کریں گے اور بغیر پیشگی اطلاع کسی بھی اسکول میں جا کر کلاس لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کب اور کس اسکول کا دورہ کریں گے۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ ان کے پسندیدہ مضامین انگلش اور کیمسٹری ہیں اور وہ تدریس کا آغاز انہی مضامین سے کریں گے۔ پرائمری اسکولوں میں انگلش جبکہ ہائی اسکولوں میں کیمسٹری پڑھائیں گے، تاہم دیگر مضامین کی تدریس بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اساتذہ کا احترام کرتے ہیں اور بطور استاد کلاس لینا اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسکولوں کے مسائل، زمینی صورتحال اور تدریسی معیار کا براہ راست جائزہ لینا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست رابطے کے ذریعے تعلیمی نظام میں بہتری لانے میں مدد ملے گی اور تدریسی کمزوریوں کی نشاندہی کر کے انہیں دور کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے مسائل صرف رپورٹس اور کاغذات سے نہیں بلکہ موقع پر جا کر بہتر انداز میں سمجھے اور حل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام سرکاری اسکولوں کو معیاری تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






