100 روپے سستا پیٹرول کب سے ملے گا؟ وفاقی وزیر نے بتا دیا

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کا آج رات 12 بجے کے بعد باقاعدہ اجرا ہوگا، جس کے تحت مستحق افراد کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف دیا جائے گا۔

وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر غریب اور مستحق طبقات کے لیے ہدف شدہ پیٹرول سبسڈی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی میں عمومی کمی کے بجائے مخصوص طبقے کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس سہولت سے صاحبِ ثروت افراد فائدہ نہ اٹھا سکیں۔

عطاء تارڑ کے مطابق اسکیم موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ہوگی، جبکہ بڑی گاڑیوں کے مالکان کو اس سہولت سے خارج رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سبسڈی کے لیے رجسٹریشن کا عمل گھر بیٹھے مکمل کیا جاسکے گا۔ عام شہریوں کی سہولت کے پیش نظر مخصوص موبائل ایپ لازمی نہیں کی گئی کیونکہ ہر شخص کے پاس اسمارٹ فون موجود نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں آج رات 12 بجے سے اسکیم کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جبکہ پٹرول پمپس پر اضافی رش اور لائنوں سے بچنے کے لیے متعلقہ محکمے 24 گھنٹے الرٹ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ سبسڈی کے بعد عام سواریوں کے کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔

عطاء تارڑ نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت یا خیبر پختونخوا میں کوئی نمایاں ماڈل پروجیکٹ ہوتا تو حکومت کو تنقید کا سامنا نہ کرنا پڑتا، تاہم ان کے بقول احتجاج اور دھرنوں کی کالز کھوکھلی ہیں اور پی ٹی آئی کے پاس دکھانے کے لیے کوئی نمایاں کارکردگی نہیں۔