عوام کے لیے بڑا تحفہ! پٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی

لاہور: عید کے تیسرے روز وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہوگی، عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا اور حکومت نے اپنے اس وعدے پر مکمل عمل کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اسی لیے گزشتہ ہفتے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق حکومت نے مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے فیول پر سبسڈی فراہم کی۔

بیان میں کہا گیا کہ جب خطے کے دیگر ممالک میں پٹرول کے حصول کے لیے طویل قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں بروقت حکومتی اقدامات کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق عالمی سطح پر تیل کے شدید بحران اور قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close