حکومت نے پیٹرولیم بم گرا دیا، قیمتوں میں بڑا اضافہ

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

یہ نئی قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 3 روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر لیوی عائد کر دی گئی ہے، جو اس سے قبل صفر تھی۔

ذرائع کے مطابق یکم مئی کی چھٹی کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج ہی کیا گیا۔

دوسری جانب اوگرا کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال سے متعلق خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا۔

پیٹرولیم ڈویژن نے بھی واضح کیا ہے کہ یکم مئی سے پمپس کی بندش سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود سپلائی چین برقرار رکھی گئی ہے اور مستقبل میں بھی تسلسل یقینی بنایا جائے گا۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، جہاں برینٹ خام تیل 124 ڈالر سے کم ہو کر 114 ڈالر فی بیرل اور ڈبلیو ٹی آئی 110 ڈالر سے کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close