مسلسل اضافے کے بعد ڈالر سستا ہو گیا، روپے کے مقابلے میں قدر میں کتنی بڑی کمی ہو گئی؟

کراچی (پی این آئی) کئی روز کے مسلسل اضافے کے بعد بالآخر ڈالر سستا ہوگیا، جمعرات کے روز ملکی کرنسی مارکیٹ میں قیمت 161 روپے کی سطح سے نیچے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان روپے پر ڈالر کے مقابلے میں کئی روز سے دباو تھا۔ کئی روز سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے کا

سلسلہ جاری تھا۔ تاہم یہ سلسلہ اب بالآخر جمعرات کے روز تھم گیا۔جمعرات کے روز کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔ رواں ہفتے کے چوتھے روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 84 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 160 روپے 10 پیسے کی سطح تک آگئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قدر میں 20 پیسے کی تنزلی دیکھی گئی، یوں امریکی ڈالر160 روپے 20 پیسے کا ہوگیا۔واضح رہے کہ کرونا بحران پیدا ہونے کے بعد پاکستانی روپیہ بدترین مندی کا شکار ہوا تھا۔ ملک کی کرنسی مارکیٹ میں پہلی مرتبہ ڈالر کی قیمت 165 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ تاہم بعد ازاں بیرونی امداد اور سرمایہ کاری موصول ہونے کے بعد روپیہ کی قدر میں بہتری آئی۔ ڈالر کی قیمت 165 سے کم ہو کر 158 روپے کی سطح تک واپس آ گئی تھی، تاہم گزشتہ کچھ روز کے دوران پھر سے امریکی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہوا، اور اب کرنسی مارکیٹ میں اس کی قیمت 160 روپے سے زائد کی سطح پر ہے۔

close