آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات دھاندلی زدہ اور پُرتشدد تھے، باقی حلقوں میں فوری الیکشن کرائے جائیں، پاکستان پیپلز پارٹی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ عام انتخابات کو دھاندلی زدہ اور پُرتشدد قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے کردار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ تیسرے مرحلے کے باقی دو اضلاع اور پونچھ کے بقیہ سات حلقوں میں انتخابات فوری طور پر مکمل کیے جائیں تاکہ قانون ساز اسمبلی مکمل طور پر وجود میں آ سکے۔

پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی صدر اور پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات، پارٹی کی کارکردگی اور باقی حلقوں میں انتخابی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض، قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان، مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب، نومنتخب اراکین قانون ساز اسمبلی میاں عبدالوحید، سید باذل نقوی، عبدالماجد خان، ظفر ملک، چوہدری یاسر سلطان، دیوان چغتائی، سردار ضیاالقمر، مختار عباسی اور عامر غفار لون سمیت انتخابات 2026 کے لیے پارٹی کے نامزد امیدواروں نے شرکت کی۔ مرکزی سیکریٹری رابطہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر عامر ذیشان جرال بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے شرکاء نے آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ عام انتخابات کو دھاندلی زدہ اور پُرتشدد قرار دیتے ہوئے انہیں آزاد کشمیر کی جمہوری اور پارلیمانی تاریخ کے بدترین انتخابات میں شمار کیا۔ شرکاء نے آزادانہ، غیر جانب دارانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے کردار پر شدید تنقید کی۔

اجلاس میں انتخابی عمل کے دوران انٹرنیٹ کی بندش، مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ میٹریل اور عملے کی عدم موجودگی اور سیکیورٹی کے مبینہ ناقص انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ شرکاء نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی بھرپور معاونت اور کوششوں کو سراہا جبکہ پارٹی کے دیگر مرکزی رہنماؤں کی رہنمائی پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں مرحلہ وار انتخابات کے انعقاد کو جمہوری نظام کے منافی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ تیسرے مرحلے کے باقی دو اضلاع اور پونچھ کے بقیہ سات حلقوں میں انتخابی عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ قانون ساز اسمبلی مکمل طور پر معرض وجود میں آ سکے اور جمہوری و پارلیمانی نظام کی آئینی حیثیت بحال ہو۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور پارٹی نے موجودہ مشکل انتخابی حالات کے باوجود عوام کی بھرپور حمایت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے نومنتخب اراکین قانون ساز اسمبلی کو مبارک باد دیتے ہوئے پارٹی کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں بھرپور انتخابی مہم چلائی اور نظریے، عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ حاصل کیے۔

فریال تالپور نے کہا کہ پارٹی کارکن پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں، اس لیے ہر سطح پر تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے اور عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے بقیہ سات حلقوں میں انتخابی تیاریوں کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت، جمہوریت، ترقی اور عوامی حقوق کے تحفظ پر مبنی ہے اور پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔

اجلاس کے دوران انتخابی عمل میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ *”حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار”* کے نعرے کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی باقی حلقوں کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور کامیابی کے لیے تمام سیاسی و تنظیمی صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔