قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ قاتلانہ حملہ، الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حلقہ ایل اے-31 کھاوڑہ سے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر پولنگ کے دوران مبینہ قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یونین کونسل مصطفیٰ آباد کے پولنگ اسٹیشن اتراسی میں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی، تاہم وہ محفوظ رہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ثاقب مجید کے حامیوں نے کیا۔ پارٹی کے مطابق نامزد افراد میں یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ شامل ہیں، جبکہ چند نامعلوم افراد بھی مبینہ طور پر حملے میں شریک تھے۔

پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت ارسال کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پولنگ کے روز قائم مقام صدر اور انتخابی امیدوار پر حملہ انتخابی عمل اور ریاستی آئینی وقار پر سنگین حملہ ہے، جس پر فوری اور مؤثر ادارہ جاتی کارروائی ضروری ہے۔

شکایت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، حلقہ ایل اے-31 میں پولنگ کے باقی وقت کے لیے چوہدری لطیف اکبر کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے، اور سکیورٹی میں کسی بھی ممکنہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے مطابق شکایت کی نقول متعلقہ ریٹرننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ضلعی انتظامیہ، چیف سیکرٹری، اور محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔