//

حویلی میں پٹھان برادری کی وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی مکمل حمایت کا اعلان، پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کو بڑی تقویت

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور کو انتخابی مہم کے دوران ایک بڑی سیاسی کامیابی حاصل ہوئی، جب حویلی میں مقیم پٹھان برادری کے عمائدین نے ان سے ملاقات کرکے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے برادری کے عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی برادری، نسل یا علاقائی تعصب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ ہر برادری کو اپنا خاندان سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے بھی ہمیشہ تعصب سے بالاتر ہو کر سیاست کی اور وہ انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مختلف علاقوں سے عوام کی بڑی تعداد کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ 10 اگست کو حویلی میں پیپلز پارٹی کی فتح یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے حویلی کو دوسری مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا اعزاز ملا، جو عوام کی دعاؤں اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنی مدتِ حکومت کے دوران انہوں نے آزاد کشمیر میں سیاسی عمل کو بحال کیا، عوام کا سیاسی نمائندوں پر اعتماد بحال کیا، ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا اور گزشتہ بیس برس سے التوا کا شکار کئی اہم منصوبے مکمل کرائے۔ انہوں نے پٹھان برادری کے اعتماد کو اپنے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔

اس موقع پر پٹھان برادری کے مقررین نے کہا کہ انہوں نے موجودہ انتخابات میں فیصل ممتاز راٹھور کی حمایت کا فیصلہ حویلی میں ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے دورِ حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے کھلے رکھے، جو ان کی عوام دوستی اور منفرد قیادت کی علامت ہے۔ مقررین نے اظہارِ یقین کیا کہ *10 اگست* کا دن فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی اور حویلی کی مسلسل ترقی کا ضامن ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close