//

آزاد کشمیر کے انتخابات ملتوی نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن کی واضح تردید

مظفرآباد (پی آئی ڈی): الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس جعلی مراسلے کی سختی سے تردید کی ہے، جس میں عام انتخابات ملتوی کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ مراسلے کا نہ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر اور نہ ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔ عوام، سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور میڈیا نمائندگان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اور گمراہ کن اطلاعات پر یقین نہ کریں۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات جاری شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔ اگر انتخابی پروگرام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی گئی تو اس کا اعلان صرف الیکشن کمیشن کے مجاز اور سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اور جعلی معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور صرف الیکشن کمیشن اور محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ مستند اعلانات اور خبروں پر اعتماد کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close