مظفرآباد: ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعہ 37 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی ہے۔
ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 23 جون 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون 2026 کو صبح 8 بجے سے شروع ہوگی جبکہ اسی روز درست امیدواران کی فہرست بھی شائع کی جائے گی۔
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف امیدوار 25 جون سے 28 جون 2026 تک دوپہر 2 بجے سے قبل الیکشن کمیشن میں اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ ان اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون 2026 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، جبکہ اپیلوں پر فیصلے یکم اور 2 جولائی 2026 کو سنائے جائیں گے۔
امیدوار 3 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ ریٹرننگ افسران 4 جولائی کو امیدواران کی فہرست شائع کریں گے جبکہ 5 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بجے سے قبل انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور اسی روز حتمی امیدواروں کی فہرست معہ انتخابی نشانات جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پولنگ 27 جولائی 2026 کو ہی ہوگی اور اس تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کے امیدواروں کی سہولت کے لیے پونچھ ہاؤس میں کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جانچ پڑتال کے عارضی انتظامات کی تجویز زیر غور تھی، تاہم متوقع امیدواروں نے تجویز دی کہ تمام کارروائی ضلع پونچھ میں متعلقہ ریٹرننگ افسران کے روبرو ہی انجام دی جائے۔
الیکشن کمیشن نے اس تجویز کو قبول کرتے ہوئے نامزدگی فارم جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ ضلع پونچھ (راولاکوٹ) کے تمام امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی حسب معمول متعلقہ حلقہ انتخاب کے ریٹرننگ افسران کے پاس ضلع پونچھ میں ہی جمع کروائیں گے، جبکہ جانچ پڑتال کا عمل بھی وہیں مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے تمام امیدواران سے مقررہ تاریخ اور وقت کے اندر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






