وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی اعلی قیادت کے اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی، انتخابی تیاریوں، تنظیمی امور اور عوامی رابطہ مہم پر بھی غور

مظفر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس مظفرآباد میں منعقد ہوا، جس میں قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان، موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید وزراء حکومت سید بازل علی نقوی، جاوید اقبال بڈھانوی، چوہدری محمد رفیق نئیر، سردار محمد حسین، چوہدری ارشد، ملک ظفر اقبال، سردار ضیاء القمر، محترمہ نبیلہ ایوب، چوہدری یاسر سلطان، سردار جاوید ایوب، عامر یاسین، چوہدری اخلاق، چوہدری قاسم مجید، رکن اسمبلی جاوید بٹ اور محترمہ تقدیس گیلانی اور ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال نے شرکت کی ۔

اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ انتظامی، سیاسی اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی، انتخابی تیاریوں، تنظیمی امور اور عوامی رابطہ مہم پر بھی غور کیا گیا۔

پارلیمانی پارٹی نے حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈہاک، کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے فیصلے کو پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کا ایک تاریخی اور عوام دوست اقدام قرار دیا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ اس فیصلے سے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندانوں کو روزگار کا تحفظ ملا ہے، جو حکومت کے عوامی منشور کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اجلاس میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے حوالے سے بھی کئی امور زیر بحث آئے ۔اجلاس کے دوران ضلع پونچھ کے کاغذات نامزدگی راولپنڈی الیکشن کمیشن پونچھ ہاؤس کے دفتر میں جمع کروانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور یہ طے پایا کہ اس سلسلے میں جلد سیکرٹری الیکشن کمیشن کو مکتوب لکھا جائے گا ۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حکومت عوامی فلاح، بہتر طرز حکمرانی، میرٹ، شفافیت اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ شرکاء نے آئندہ انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ عوام کے سامنے جانے اور پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close