وزیرِاعظم آزاد کشمیر کے اجلاس میں کن شرپسند عناصر کو نشانہ بنانے کا پلان فائنل ہوا؟

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست میں امن و امان، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سرکاری املاک کی حفاظت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزراء چوہدری محمد رفیق نئیر، سید بازل علی نقوی، چوہدری قاسم مجید، چیف سیکرٹری خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس لیاقت علی، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، کمشنر مظفرآباد بدر منیر سمیت ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ہدایت کی کہ طاقت کا استعمال صرف شرپسند عناصر کے خلاف کیا جائے، جبکہ عام شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر کی ہٹ دھرمی، انا اور غیر دانشمندانہ طرزِ عمل نے حالات کو اس نہج تک پہنچایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست میں کسی کو بھی نظریۂ پاکستان اور کشمیریوں کے متفقہ مؤقف الحاقِ پاکستان کے خلاف سرگرمیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور ایسے عناصر کے لیے آزاد کشمیر میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کشمیری عوام کی محافظ فوج ہے اور ریاست کے امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس لیاقت علی نے وزیراعظم کو ریاست میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close