آزاد کشمیر: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں جزوی ہڑتال رہی، جہاں بعض مقامات پر دکانیں بند جبکہ کئی جگہ کھلی رہیں۔
کوٹلی میں مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران آنسو گیس کی شیلنگ اور پتھراؤ سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے پانچ ارکان نے تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان میں سید فیصل گیلانی، احسان شبیر شانی، محسن خلیل، شبیر نگیالوی اور راجہ سلطان شامل ہیں۔
ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ حالیہ پرتشدد واقعات کے باعث اس تحریک سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں اور عوام کو بھی اس کا حصہ نہ بننے کی اپیل کرتے ہیں۔
ادھر محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار مطلوب افراد کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ان کی گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مطلوب افراد میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے حال ہی میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا تھا، جبکہ 7 جون کو راولاکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں 4 اہلکار شہید ہوئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






