مظفرآباد (پی آئی ڈی، 4 جون 2026) — وزیر اطلاعات، مذہبی امور و اوقاف آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر سے آزاد کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی (اے کے این ایس) کے صدر سردار زاہد تبسم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی بھی شریک تھے۔ وفد میں اے کے این ایس کے سیکرٹری جنرل ذوالفقار بٹ، سردار حمید اور جاوید اقبال شامل تھے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات شوکت علی ملک اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں صحافت کے فروغ، میڈیا کے کردار اور صحافتی برادری کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ ذمہ دار اور بااصول صحافت معاشرے میں شعور اجاگر کرنے اور مثبت تبدیلی لانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت آزادیِ صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور میڈیا کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں اور میڈیا اداروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اے کے این ایس کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






