فیصل راٹھور کا دو سال میں آزاد کشمیر بدلنے کا اعلان،

حویلی( پی آئی ڈی) 17 مئی 2026
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ کسی عہدے کی لالچ یا خواہش نہیں، دس بار بھی وزیراعظم بنوں تو میرے نام کے ساتھ صرف ‘سابق وزیراعظم’ ہی لکھا جائے گا۔ میری خواہش میرے مرحوم والد کے ادھورے خواب اور قرض تھے جنہیں ادا کرنے کے لیے میں سیاست میں آیا۔ مجھ پر پوری ریاست کا قرض ہے جسے میں اتارنا چاہتا ہوں۔ گزشتہ ساٹھ سالوں میں اس ریاست کو معاشی لحاظ سے جہاں ہونا چاہیے تھا، آج وہ وہاں نہیں ہے، لیکن اب اللہ نے مجھے موقع دیاتو انشاء اللہ اگلے دو سالوں میں میں اس مقام پر لے کر جاؤں گا کہ یہ معیشت کے اعتبار سے اس خطے کی مضبوط ترین ریاست بنے گی۔ الیکشن لڑنا اور جیتنا دل کے فیصلے ہوتے ہیں۔ زور، زبردستی یا جبر سے نہ کوئی ووٹ لے سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ووٹ دیتا ہے۔ ہمیشہ کوشش کی کہ محبت کی ان بنیادوں کو قائم کروں جن پر ریاست کا ماحول خوشگوار ہو سکے۔ اللہ نے موقع دیا تو ریاست کی تلخیوں اور ترشیوں کو دور کر کے امن و امان کو بحال کیا۔ آئندہ بھی یہی کوشش ہوگی کہ ریاست کا ماحول مزید بہتر ہو سکے۔ ملک عبد الرشید اعوان کی خدمات اور کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل بھیڈی گاؤں کائیاں میں ریٹائرڈ صدر معلم عبدالرشید اعوان مرحوم کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ امتیاز احمد صدیقی ، ملک مختار اعوان ایڈووکیٹ، گلزار راٹھور ، ملک مصطفے اعوان و دیگر نے خطاب کیا اور مرحوم کی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہی وعدہ کرتا ہوں جس پر پورا عمل درآمد کر سکوں۔ بے شمار ایسے کام کیے جو شاید ناممکنات کی حد تک مشکل تھے۔ وزیراعظم کی حیثیت سے دستیاب وسائل کے مطابق تمام حلقوں کے مسائل حل کرنے ہیں، بھمبر سے لے کر تاؤ بٹ تک پوری ریاست میرا حلقہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو علاقے دور دراز ہونے کی وجہ سے ماضی میں نظرانداز اور محرومیوں کا شکار رہے ہیں، ہماری ترجیح ہیں، لیکن ہمیں ریاست کے باقی حلقوں کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہے۔
انہوں نےکہا کہ سیاست کے حوالے سے ایک جملہ مجھے اکثر سننے کو ملتا ہے کہ میرا کام آج نہ ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوگا۔ اس جملے کو اپنے ذہنوں اور کانوں سے نکال دیجیے۔ کام آج بھی ہوں گے اور کل بھی ہوں گے۔ سیاست ایک تسلسل کا نام ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے یہ تسلسل برقرار رہے گا اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر نہیں رکے گا، صرف آپ نے اپنی اس کامیابی کے تسلسل کو قائم رکھنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close