مظفرآباد( پی آئی ڈی) 13 مئی 2026
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ تعلیم صرف شعور نہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو چکی، نوجوان نسل کو جدید علوم سے ہم آہنگ کرنا حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تعلیم کے فروغ کو اپنی پالیسی کا محور بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر اور وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محمد یونس میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر اور وویمن یونیورسٹی باغ کے وائس چانسلرز کو حکومت آزادکشمیر کی جانب سے جامعات کی مالی مسائل کے حل کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے پیکج کے نوٹیفکیشن دیے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ادوار حکومت میں آزادکشمیر میں یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ نوجوانوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ موجودہ عوامی حکومت نے ضرورت کی بنیاد پر تعلیمی پیکج دیا تاکہ ہر گھر تک علم کی روشنی پہنچے اور کوئی بچہ تعلیم جیسی بنیادی نعمت سے محروم نہ رہے۔ اس پیکج کے تحت تعلیمی سہولیات کی بہتری، اسکولوں کی اپ گریڈیشن، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر لیبارٹریز اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنا رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مستقبل کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں، اس لیے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تعلیم یافتہ قومیں ہی دنیا میں عزت، وقار اور خوشحالی حاصل کرتی ہیں، اسی لیے حکومت آزادکشمیر تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






