مظفرآباد(پی آئی ڈی)30 اپریل 2026ء
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔یوم مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ اسلام محنت کی عظمت پر مکمل یقین رکھتا ہے، ارشاد نبوی ﷺہے کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے قبل دی جائے۔اس حدیث مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام محنت کی عظمت کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن شکاگو کے ان مزدوروں کی یاد ہے جن کی قربانیوں کے نتیجے میں مزدوروں کو حقوق ملے، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے،پیپلز پارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے مزدوروں کو حقوق دئیے اور انہیں پاسپورٹ کا حق دیا جس کی وجہ سے اس وقت ہمارے لاکھوں مزدور مشرق وسطی میں مزدوری کر کے خوشحالی میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی صحت اور حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے تمام طبقات جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ان کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ بنیادی صحت اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات سے بھی مزدور طبقہ کو فائدہ ہو گا۔ آزاد کشمیر میں مزدوروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جہاں بھی اس طرح کی کوئی رپورٹ ملی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی کم ازکم اجرت، کام کے سازگار ماحول، ان کی صحت کی سہولیات اور ان کے حقوق کے ثحفظ کے لیے جہاں ضروری ہوا قانونی اور انتظامی اصلاحات کی جائیں گے۔ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ رزق حلال کمانے والے اس معاشرہ کے قابل فخر لوگ ہیں اور ان لوگوں کی بدولت پی قومیں ترقی کرتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کے حالات بہتر بنائیں گے، مزدوروں کے مسائل ہر سطح پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہمیں اپنے محنت کشوں پر فخر ہے.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






