سیوریج اور صاف پانی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے: وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد(پی آئی ڈی) مورخہ 29 اپریل 2026
وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام حلقہ جات کے ممبران اسمبلی کو مساوی طور پر 30 کلو میٹر سڑکات دی گئی ہیں جن پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا، فاضل ممبر حلقہ شرقی باغ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے حلقے کی 30 کلو میٹر سڑکیں جلد سی ڈی سی سے منظور ہو کر ٹینڈر جاری کر دئے جائیں گے، مسائل ورثے میں ملے تاہم حکومتیں حکومتوں کا تسلسل ہوتی ہیں، دریا کے پانی کو سیوریج سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، ایرا، سیرا کے نامکمل منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کی جانب سے حلقہ شرقی باغ کی سڑکات اورممبر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کی جانب سے ناقص سیوریج لائن کی تنصیب کے منفی اثرات کے حوالے سے قلیل المہلت سوال کے جواب میں دئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھورنے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے36 کروڑ روپے کی لاگت سے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ منصوبہ شروع کیا، دارالحکومت مظفرآباد اور کوٹلی میں سیوریج لائن کی تنصیب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، سفارشات کی روشنی میں ترجیحی بنیادوں پر سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدشہباز شریف ERRA&SERRA کے نامکمل منصوبوں کی تعمیر کیلئے  میرے مطالبے پر 01 ارب روپے فراہم کئے جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں، مظفرآباد، کوٹلی سمیت دیگر شہروں میں بھی سیوریج سسٹم اور پینے کے صاف پانی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭٭

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close