کشمیری نوجوان عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں، چیف سیکرٹری خوشحال خان

مظفرآباد (پی آئی ڈی) 29 اپریل 2026
چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ جاب فیسٹیول اور یوتھ لیڈرشپ ورکشاپ جیسی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو واضح سمت، مضبوط کیریئر وژن اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ آج کے دور میں نوجوانوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور پیشہ ورانہ ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ایسے پلیٹ فارمز انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مستقبل کی سمت متعین کرنے کا عملی موقع فراہم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر اور ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ اے جے کے جاب فیسٹیول کے سلسلے میں یوتھ لیڈرشپ ورکشاپ کے آخری روز بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر انصر یعقوب بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے نوجوانوں کو قوم کا حقیقی معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی تناظر میں کئی روایتی تصورات تبدیل ہو رہے ہیں اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مثبت پذیرائی حاصل ہو رہی ہے جبکہ قومی قیادت یکسوئی اور استحکام کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں محدود پیشہ ورانہ شعبوں کے برعکس آج نوجوانوں کے لیے وسیع مواقع دستیاب ہیں اور موجودہ نسل اپنی صلاحیتوں، رفتار اور جدت کے اعتبار سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس دو روزہ ورکشاپ سے حاصل ہونے والے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، اپنے اہداف کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو اس نہج پر استوار کریں کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر سکیں۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں اور دنیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ملک و قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔چیف سیکرٹری نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے اور ملک دشمن بیانیوں سے محتاط رہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی محرومیوں کو سامنے رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اپنے کردار و عمل سے ایک باوقار قوم کی تعمیر میں حصہ ڈالیں۔ آخر میں انہوں نے سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر انصر یعقوب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کم وقت میں کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر انہیں مبارکباد پیش کی اور نوجوان شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
٭٭٭٭٭

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close