مظفرآباد: حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام دو روزہ جاب فیسٹیول آج 28 اپریل سے وزیراعظم ہاؤس جلال آباد میں شروع ہوگا، جو 29 اپریل تک جاری رہے گا۔
فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو روزگار، اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر بیرون ملک تعلیم اور ملازمت سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔
جاب فیسٹیول میں مختلف سرکاری و نجی ادارے شرکت کریں گے، جبکہ مسلح افواج کے بھرتی مراکز اور تعلیمی کنسلٹنٹس بھی موجود ہوں گے تاکہ نوجوانوں کو بہتر کیریئر پلاننگ اور پیشہ ورانہ رہنمائی دی جا سکے۔
فیسٹیول کے دوران آئی ٹی، سیاحت، صحت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع سے آگاہی دی جائے گی۔ طلبہ، فریش گریجوئیٹس اور عام شہریوں کو فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






