کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک جامع تعلیمی پیکج متعارف کروایا جس سے قبل مکمل ریشنلائزیشن کی گئی تاکہ حقیقی بنیادوں پر اصلاحات لائی جا سکیں۔ہم عملی اقدامات کے ساتھ میدان میں آئے ہیں۔
حکومت نے سرمایہ کاری اور زرعی شعبے کی بہتری کے لیے انویسٹمنٹ کانفرنس اور زرعی کانفرنس کا انعقاد کیا تاکہ ہر نظر انداز شعبے کو اہمیت دی جا سکے۔ اللہ کے فضل سے ہم ایک بار پھر عوامی عدالت، یعنی انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں، موجودہ حکومت نے اقتدار کے ایوان عوام کے لیے کھول دیے ہیں ، آج سیکرٹریٹ میں عوام کی بڑی تعداد نظر آتی ہے۔
ہیلتھ کارڈ کی بحالی اور پراپرٹی ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات عوامی فلاح کے لیے کیے گئے، جبکہ حکومت نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔تعلیمی پیکج میں اگر کوئی کمی رہ گئی تو اسے بھی دور کیا جائے گا۔ کھوئی رٹہ میونسپل کمیٹی کے قیام، چیڑی پل کے پی سی ون کی تیاری اور بنڈیال دھناں پل کی منظوری کا اعلان کرتا ہوں ، سواناں پل کا معاملہ بھی زیر غور لائیں گے ، آج کھوئی رٹہ کے عوام نے جس جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہماری آئندہ کامیابی کی نوید ہے پارٹی کارکنان اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں،پیپلز پارٹی اتحاد کے ساتھ آئندہ الیکشن میں اترے گی ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دورہ کوٹلی کے دوران دیہاڑی باغ کھوئی رٹہ میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا ۔
اس موقع پر جلسہ عام سے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، وزرائے حکومت چوہدری رفیق نئیر، ظفر اقبال ملک ، چوہدری اخلاق، جاوید اقبال بڈھانوی، سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی چوہدری ولید انقلابی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا اور موجودہ حکومت کی تعلیمی پیکج اور صحت کے شعبہ کے لیے اصلاحات پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ سیاسی جماعتیں نظریات پر قائم رہتی ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ میرے مرحوم والد کو مختصر وقت ملا لیکن آج بھی لوگ ان کی کارکردگی کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو ریاست میں بے چینی اور مشکلات کا دور تھا، تاہم حکومت نے تعمیری اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے حالات کو بہتر بنایا۔ موجودہ حکومت 2026 کی حکومت کا ٹریلر ہے اور آنے والا وقت مزید بہتری لے کر آئے گا۔پارٹی کارکنان اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں، کیونکہ اسی میں کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم متحد رہے تو پاکستان پیپلز پارٹی اس ضلع سے چھ کی چھ نشستیں جیت سکتی ہے۔
وزیراطلاعات چوہدری رفیق نئیر، چوہدری ولید انقلابی اور دیگر رہنماؤں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان اور قائدین کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ یہی کامیابی کی ضمانت اتحاد ہے ہے۔اتحاد کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی جیتے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






