مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے دفتر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے دفتر کا دورہ کیا، فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اور دفتر میں موجود خواتین سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر عبد العزیز قریشی نے انہیں پروگرام کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے۔ بی بی شہید نے خواتین کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا سکھایا اور ہمیں ان سے بہادری اور حوصلے کا سبق لینا چاہیے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے حکومت آزاد جموں و کشمیر اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا بی آئی ایس پی دفتر کے لیے عمارت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفتر ایسی جگہ قائم کیا گیا ہے جہاں مستحق خواتین کی آسان رسائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے گزشتہ سال بی بی شہید کی سالگرہ کے موقع پر بینظیر ہنر مند پروگرام کا آغاز کیا تاکہ خواتین اور ان کے گھرانوں کے افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





