وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے SCO کے سیکٹر کمانڈر کرنل عبدالرشید کی ملاقات، وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں ایس سی او کی سروسز کے بارے میں بریفنگ دی

مظفرآباد(پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق سے SCOکے سیکٹر کمانڈر کرنل عبدالرشید نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو آزادکشمیر میں ایس سی او کی سروسز کے بارہ میں بریفنگ دی۔ سینئر موسٹ وزیرکرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، کرنل نعمان و دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ حکومت آزادکشمیرگڈ گورننس کے نفاذ کیلئے ای فائلنگ سسٹم رائج کرنے جارہی ہے اور اس سلسلہ میں ایس سی او کے ڈیجیٹل ڈیٹاسینٹرکی خدمات لی جائیں گی۔آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔

ایس سی او کی جانب سے آئی ٹی کے فروغ کیلئے اقدامات سے مقامی سطح پر آئی ٹی کو فروغ ملے گا۔آزادکشمیر میں سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کیلئے حکومت کی جانب سے ایس سی او کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ایل او سی پر پاک فوج کے جوان ہماری حفاظت کیلئے کھڑے ہوتے ہیں تو ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔قبل ازیں ایس سی او کے سیکٹر کمانڈر نے وزیراعظم آزادکشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ایس سی ڈیجیٹل ڈیٹاسینٹر بنارہا ہے جوکہ آئندہ ماہ تک فنگشنل ہوجائیگا۔ اس حوالہ سے جملہ محکمہ جات کا تعاون درکار ہے جس پر وزیراعظم نے ڈی جی آئی ٹی ودیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایس سی او کے ساتھ اس سلسلہ میں بھرپور لیزان رکھیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایاکہ ایس سی او نے گلگت بلتستان میں سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا سلسلہ شروع کیا ہے اس حوالہ سے مظفرآباد میں بھی سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ پارک بنایاجائیگا جس پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کوہدایت کہ سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ پارک کے لیے ایس سی او کو جگہ کی فراہمی سمیت دیگر تعاون یقینی بنایا جائے۔ایس سی او کے سیکٹر کمانڈر نے کہاکہ آزادکشمیر میں ٹیلی کام سروسز بالخصوص ایل او سی کے علاقوں موبائل و انٹرنیٹ سروسز کے ساتھ ساتھ ایس سی او نے آزادکشمیر میں ٹرپل پلے سروسز شروع کی ہیں جس میں تیز ترین انٹرنیٹ، ایچ ڈی کیبل ٹی وی اور ٹیلی فون کی سہولت ہے،دوردروز علاقوں بالخصوصی ایل او سی سے ملحقہ علاقوں نیلم، لیپہ،حویلی، بھمبر، کوٹلی اور میرپور میں بھی یہ سروسز فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایاکہ کنکٹ کشمیر کے تحت تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کیلئے جی پون سروس کا اجراء میرپور سے کر دیا گیا ہے اور اس سروس کو گھر گھر تک پہچایا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر ایس سی او کی آزادکشمیر میں خدمات کو سراہا۔

close