اسلام آباد: وفاقی حکومت آج پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کے تحت پٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 34 سے 35 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
ایران جنگ کے بعد حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ 15 روز کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر لینا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت آج رات نظرثانی شدہ نرخوں کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس وقت پٹرول کی قیمت 381 روپے 78 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ وزیر اعظم شہباز شریف کی مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کے بعد نئے نرخ نافذ العمل ہوں گے۔
دوسری جانب بلوچستان میں ایندھن کی فراہمی کے مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔ کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث متعدد فلنگ اسٹیشنز بند ہو چکے ہیں، جبکہ کھلے پمپس پر شہریوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔ بعض علاقوں میں پٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





