ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہداء نیلم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاسہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہداء نیلم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وادی نیلم کے چپہ چپہ میں شہداء کی ایک داستان رقم ہے۔ نیلم کے شہریوں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نقل مکانی نہیں کی۔

 

 

 

بھارت گزشتہ کئی دھائیوں سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے جس کی وجہ سے آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول پر ہزاروں بے گناہ نہتے لوگ شہید ہو چکے ہیں۔ 23 نومبر 2016 کو بھارتی افواج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مسافر بس کو نگدر کناری کے مقام پر صبح 8 بجکر 30 منٹ پر نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 12افراد شہید اور 14 زخمی ہوئے تھے۔ آج یوم شہدائے نیلم کے موقع پر ہم ان شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں اور آج کے دن ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ شہداء نیلم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ میں بیس کیمپ کی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے یوم شہدائے نیلم کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے شہداء کے خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت لائن آف کنٹرول کے تمام شہداء کی کفالت کر رہی ہے۔

 

 

 

لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو پاک فوج کے شانہ بشانہ عوام کی حفاظت کے لئے سینہ سپر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیر کے ہر گاوں، ہر کوچے سے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہندوستان کی قابض فورسز مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم ڈھانے کے لیے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر آزادکشمیر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بھی بناتی ہے۔ہم اقوام متحدہ، سلامتی کونسل،او آئی سی اور دنیا کی مہذب اقوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے ہندوستان کولائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے باز رکھے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے نیلم نے جس عظیم مقصد کے لیے قربانی دی، اس کی تکمیل کے لیے تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔

 

 

 

ہندوستان ایل او سی کی خلاف ورزی کر کے مقبوضہ کشمیر میں جاری ہندوستانی ظلم وستم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے لیکن حکومت آزادکشمیر اپنے محدود وسائل کے باوجود کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے ہر فورم تک لے کر جائے گی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا جاندار کردار ادا کرے گی۔

close