آزادکشمیر کو اقتصادی طور پر خود کفیل بنانے میں کردار ادا کریں گے، صدر آزا کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا پاچھیوٹ میں جلسہ عام سے خطاب

پاچھیوٹ (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرا پونچھ سے دیرینہ اور تاریخی رشتہ ہے میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کی غیرت اور جراءت پر کبھی نہ میں نے پہلے سمجھوتہ کیا نہ اب کروں گا۔آزادکشمیر میں اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہے ہم جہاں مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے اُٹھائیں گے وہاں پر آزادکشمیر کو اقتصادی طور پر خود کفیل بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے اور اسی طرح عام آدمی کی حالت کو بھی بہتر بنائیں گے۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے جس طرح محنت سے آزادکشمیر میں پارٹی کی حکومت بنوائی ہے اُسی جذبے سے ہم انہیں حکومت کا حصہ بھی بنائیں گے۔ اگرچہ پونچھ کے بہت زیادہ مسائل ہیں تاہم ہم انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں رالاکوٹ کے قریب پاچھیوٹ میں شوکت آباد کے مقام پر ایک بڑے جلسہ عام سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام کی صدارت کرنل ریٹائرڈ سردار وحید خان نے کی جبکہ جلسہ عام سے صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، سردار فاروق خان، سردار طاہر اکرم، سردار ذوالفقار خان، سردار ارشد نیازی، سردار اورنگذیب، سردار ارزش، سردار خالد اشرف، سردار الطاف، سردار تصدق، ساجد اعظم، سردار جہانگیر خان، سردار تیمور فاروق، سردار ماجد شریف، سردار نثار عزیز، سردار عاصم اختر، قاسم رشید، سردار عتیق اشرف، نازک لیاقت، سمنون اصغر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل جب صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری شوکت آباد پہنچے تو اُن کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔

اُن پر گل پاشی کی گئی انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گے اور اُن کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اس موقع پر جلسہ عام میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں تھیلا ٹائیں تا مجاہد آباد 26کلو میڑ سٹرک تعمیر کرائی تھی بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس پر توجہ نہیں دی اور یہ سڑک اب کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے اور میں اس کی اپ گریڈیشن کا اعلان کرتا ہوں۔ اسی طرح 15کلو میٹر نئی سڑکات اور10کلو میٹر سڑکات کی اپ گریڈیشن کا اعلان کرتا ہوں۔ تھوراڑ کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ اسی طرح ہائی سکول شوکت آباد کو انٹر کالج کا درجہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

بیڑی میں پانی کی جھیل ہے اور یہاں پر سیاحت کا خاصہ پوٹینشل ہے یہاں پر ہم سیاحت کے فروغ کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں گے اور اسے سیاحتی مقام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جو کہتا ہوں اُس پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ کروٹ آزاد پتن ہائیڈرو پروجیکٹ پر سڑک کا کام10دسمبر تک مکمل ہو جائے گا اورانشاء اللہ یہ سڑک ایک ہفتے کے اندر کھول دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آج یہاں عوام کے جم غفیر کو دیکھ کر بے حد متاثر ہوا ہوں کہ سخت سردی میں آپ لوگ یہاں صبح سے اس جلسے میں موجود ہیں اس پر میں آپ کا بے حد مشکور ہوں۔۔۔۔

close