انتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا، ہمارے لیے زیادہ مشکل حالات پیدا کیے گئے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی کراچی میں میڈیا سے گفتگو

کراچی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان قائد پاکستان ہیں جن کے جرات مندانہ اقدامات نے ملک کو بدل کر رکھ دیا ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ان کے 500بلین کے ترقیاتی پیکج سے تعمیر وترقی کا انقلاب آئے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امید عمران خان ہیں قوم ان کے ہاتھ مضبوط کرے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار دو روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے 3 سو بلین کا پیکیج جی بی کو دیا جس سے وہاں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت ملی تو جانے والی حکومت نے آسانیاں نہیں چھوڑی تھیں۔ انتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا۔ہمارے لیے زیادہ مشکل حالات پیدا کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پر نوکریاں فراہم کریں گے، بانی پاکستان کے مزار پرحاضری کا فریضہ انجام دینا ہے۔جذبے کے ساتھ استقبال پر شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کا وزیراعظم ہوں،انہوں نے کہا قائد پاکستان عمران خان نے ایل او سی سے میرا انتخاب کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری اس کی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوئے نہ آئندہ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ لڑاعمران خان کا شہر قائد آکر شکریہ ادا کرتا ہوں۔اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جن کا خاندان ایک عرصے سے اپنے لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کی صورت میں کارکن دوست وزیراعظم کا انتخاب کیا جس سے تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔انہوں نے کہا اپنے سیاسی تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ سردار عبدالقیوم نیازی آزادجموں و کشمیر کے کامیاب ترین وزیراعظم ثابت ہونگے۔انہوں نے کہا پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے جو بھارت سے آزادی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔اس سے پہلے جب وزیراعظم کراچی ائرپورٹ پہنچے تواپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ڈپٹی اسپیکر آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی ریاض گجر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔پی ٹی آئی رہنماء امین اللہ موسی خیل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اپنے دورے کے دوران وزیراعظم آزاد جموں کشمیر گورنر ہاؤس میں کشمیر کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم گورنر ہاؤس میں کشمیری کمیونٹی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔مزار قائد پر حاضری دیں گے اور سندھ اسمبلی کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ اراکین اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔۔۔۔

close