آزاد کشمیر پریس فاونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کاانتخاب، راولپنڈی، اسلام آباد سے دو نشستوں کے ووٹنگ کا مرحلہ مکمل

راولپنڈی (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر پریس فاونڈیشن کے ممبرز بورڈ آف گورنرز کے انتخابات کے سلسلے میں راولپنڈی / اسلام آباد سے دو نشستوں کے انتخاب پر ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہو گیا منگل کے روز رابطہ دفتر محکمہ اطلاعات راولپنڈی میں منعقد ہونے والے انتخابات میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات خواجہ عمران الحق نے پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض انجام دئیے جبکہ خواجہ روف احمد،رضوان احمد اور کامران خواجہ نے ان کی معاونت کی۔

کل 55 میں سے51 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،غیر حتمی / غیر سرکاری نتائج کے مطابق امیدوار شہزاد احمد راٹھور نے 29،اطہر مسعود وانی نے 20،محمد بشیر خان نے 16 جبکہ زاہد اکبر عباسی نے 24 ووٹ حاصل کئے۔دو ووٹ مسترد ہوے۔راولپنڈی اسلام آباد کے سینئر صحافیوں نے پولنگ کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔تمام امیدواروں نے پولنگ کے عمل اور انتخابی نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیف الیکشن کمشنر سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد اور ناظم اعلی اطلاعات راجہ اظہر اقبال کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔

close