آزاد کشمیر الیکشن 21، ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں، تبادلوں پر عائد پابندی ختم کر دی

مظفر آباد (پی این آئی) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے اور الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے ہائی کو رٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کی تھی، بلدیاتی و ترقیاتی اداروں میں تعینات سیاسی شخصیات کو فارغ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آزاد کشمیر حکومت نے ایسے تمام افراد کو فارغ کر دیا تھا ۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کوآزاد کشمیر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی ۔ ابآزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی اختیارات سے تجاوز اور حکومتی اختیار میں مداخلت ہے ۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں