نئی دہلی: بھارت میں تاج محل میں بندروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور وہاں آنے والے سیاحوں پر حملوں نے حفاظت سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ سیاحتی سیزن کے دوران روزانہ 50 ہزار سے زائد افراد آگرہ کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ یادگار کے احاطے میں بندروں کے جھنڈ کی موجودگی اور ان کے حملوں نے انتظامیہ کے لیے ایک نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق تاج محل کے مرکزی مقبرے کے قریب ایک باغ میں 100 سے زائد بندروں کے جھنڈ کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔ تاہم، بھارتی محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو کئی ماہ پرانی معلوم ہوتی ہے، جبکہ اسے بنانے والے سیاح نے دعویٰ کیا کہ اس نے یہ مناظر منگل کی صبح ریکارڈ کیے تھے۔
کانپور ضلع سے تعلق رکھنے والے سیاح نے بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ تاج محل دیکھنے آیا تھا۔ اس کی عمر رسیدہ والدہ زیادہ دیر تک چل نہیں سکتی تھیں، اس لیے وہ مرکزی مقبرے کے قریب ایک جگہ بیٹھ کر آرام کر رہے تھے کہ اچانک بائیں جانب سے 100 سے زائد بندروں کا ایک بڑا جھنڈ باغ میں داخل ہوگیا۔
سیاح کا کہنا تھا کہ بندروں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ اسے محسوس ہوا جیسے انہیں کہیں سے چھوڑا گیا ہو۔
محکمہ آثار قدیمہ کے سینئر کنزرویشن افسر نے کہا کہ تاج محل کے احاطے میں موجود سرسبز علاقے بندروں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بندروں کو دور رکھنے کے لیے ضروری مقامات پر تاریں لگانے سمیت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور انتظامیہ کو وقتاً فوقتاً اس مسئلے سے آگاہ بھی کیا جاتا ہے۔
تاج محل کے مشرقی، مغربی اور شاہی دروازوں کے قریب بندروں کے جھنڈ اکثر دیکھے جاتے ہیں۔ رواں سال اس یادگار کے باغات میں بندروں کے ایک فوارے میں کودنے اور تیرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
جانوروں کی فلاح و بہبود کے افسر ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران تاج محل میں بندروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بندر سیاحوں کا پیچھا کرتے ہیں، ان سے کھانے پینے کی چیزیں چھین لیتے ہیں اور بعض واقعات میں انہیں کاٹ بھی لیتے ہیں، جس سے سیاحوں کی حفاظت ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صرف ستمبر میں کئی بھارتی اور غیر ملکی سیاح بندروں کے حملوں میں زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ متاثرین میں 83 سالہ برازیلی شہری انتھونی پین اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا ایک سیاح بھی شامل تھے۔
3 ستمبر کو دہلی سے تعلق رکھنے والی سیاح دپیکا گوئل پر مسجد کے قریب پیچھے سے بندر نے حملہ کیا اور ان کے ہاتھ پر کاٹ لیا۔ اے ایس آئی اور مرکزی صنعتی سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکار انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈسپنسری لے گئے، جس کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
16 ستمبر کو برطانوی سیاح سوزین این بیریٹ کو شاہی دروازے کے قریب بندر نے ہاتھ پر کاٹ لیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں بھی اسپتال بھیجا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 15 دن کے دوران یہ کسی سیاح پر بندر کے حملے کا چوتھا رپورٹ ہونے والا واقعہ تھا۔
اگست میں کرناٹک سے تعلق رکھنے والے محمد علی کو مغربی دروازے کے قریب بندر نے ٹانگ پر کاٹ لیا تھا، جبکہ 30 اگست کو ہریانہ سے تعلق رکھنے والے چھ سالہ ایانش کمار کو مہمان خانے کے قریب ہاتھ پر کاٹنے کے بعد ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔
بندروں کے حملوں کے ساتھ ساتھ تاج محل میں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ جولائی میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی ایک سیاح کو بندر نے کاٹ لیا تھا، لیکن ذمہ دار محکموں کے اہلکاروں کی جانب سے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود ایمبولینس تقریباً ایک گھنٹے تک نہ پہنچ سکی۔
بعد ازاں حکام نے متبادل سواری کا انتظام کرکے خاتون کو ایک نجی اسپتال منتقل کیا۔ اس واقعے کے بعد سیاح اور ان کے ساتھ آنے والے شخص نے تاج محل دیکھنے کا ارادہ ترک کر دیا۔ محکمہ آثار قدیمہ نے اس معاملے پر آگرہ کے چیف میڈیکل آفیسر کو خط لکھ کر ایمبولینس ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی کی تھی۔
محکمہ آثار قدیمہ کے ایک اہلکار نے اخبار کو بتایا کہ یادگار کے اندر سیاحوں کی حفاظت اور انتظامات کی ذمہ داری محکمہ آثار قدیمہ کی ہے، جبکہ بندروں کو پکڑنے کا اختیار آگرہ میونسپل کارپوریشن کے پاس ہے۔
رپورٹ کے مطابق تاج محل سے ملحقہ دسہرہ گھاٹ پر بھی بندروں کو پکڑنے کے لیے پنجرے نصب کیے جا رہے تھے۔ تاہم، ان اقدامات کے باوجود تاج محل اور اس کے اطراف میں بندروں کی بڑی تعداد موجود ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر بندروں کے حملوں کی روک تھام اور ہنگامی طبی سہولتوں کی بروقت فراہمی انتظامیہ کے لیے اہم چیلنج بن گئی ہے۔






