1246 ڈرونز مار گرانے کا بڑا دعویٰ

ماسکو: روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ہفتے کی رات یوکرین کے 1246 ڈرونز مار گرائے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ روسی دارالحکومت ماسکو کو بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جہاں شہر کے قریب 123 ڈرونز تباہ کیے گئے۔

رات کے دوران 400 سے زائد یوکرینی ڈرونز ماسکو کی جانب بھیجے گئے تھے، جن میں سے 123 کو شہر کے قریب فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔

دوسری جانب روس کے علاقے برائنسک کے گورنر نے بتایا کہ یوکرینی ڈرون نے کلیمووو گاؤں میں ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔ تاہم زخمیوں کی حالت اور واقعے کے بعد کی صورت حال سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

روسی علاقے سمارا کے گورنر نے بھی کہا کہ یوکرین نے رات کے دوران صنعتی تنصیبات پر حملے کی ایک اور کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

روسی حکام کے یہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم روسی وزارت دفاع کی جانب سے مار گرائے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد اور مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں سے متعلق دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔