مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑی کمی

راولپنڈی میں 11 نومبر سے اب تک پٹرول سے چلنے والی مسافر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ ڈی کلاس اڈوں اور جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی سے چلنے والی ڈیزل بیسڈ مسافر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ کے فریٹ ریٹس میں بھی مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایات پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس کیا، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کے لیے کرایوں میں مزید کمی کا فیصلہ کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق نئے کرایوں کے شیڈول باقاعدہ طور پر ٹرانسپورٹ اڈوں پر آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ کرائے سے زائد وصولی کی صورت میں ہیلپ لائن 1071 پر شکایت درج کرائیں۔