بااثر مسلم شخصیات میں اول نمبر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد کی قرارداد منظور

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عالمی سطح پر بااثر مسلم شخصیات میں پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

ایوان میں یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا محمد ارشد نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ سالانہ فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنا پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عالمی کردار اور ملک کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کا واضح اعتراف ہے۔

قرارداد میں مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کا بھرپور دفاع کیا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی و سفارتی مشاورت نے کلیدی کردار ادا کیا۔

قرارداد میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستانی قیادت کی مؤثر سفارت کاری کے نتیجے میں فریقین کے درمیان رابطوں اور مفاہمت کو فروغ ملا اور اسلام آباد میں امن مذاکراتی پیش رفت ممکن ہوئی۔

قرارداد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا، جس سے علاقائی و اسلامی دفاعی تعاون اور باہمی تحفظ کے عزم کو نئی تقویت ملی ہے۔

قرارداد کے اختتام پر قومی سلامتی کے تحفظ اور علاقائی امن کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو عالمی اعزاز پر مبارکباد پیش کی گئی۔