مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے سماء ٹی وی کے پروگرام ’ریڈ لائن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ کہہ کر پکارا اور احترام کیا ہے، محسن نقوی کی کارکردگی پر رائے دینا میرا حق ہے، محسن نقوی کا میری رائے سے اتفاق کرنا ضروری نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے صوبوں پر ابتدائی تقریر کی، وہ درست نہیں تھی۔ محسن نقوی نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے متعلق گفتگو کی، اس سے اختلاف تھا، انہیں میری بات سے اختلاف کا حق ہے۔ نئے صوبوں کے لیے محسن نقوی نے جس فورم کا انتخاب کیا، اس سے اختلاف تھا۔
انہوں نے کہا کہ چہرہ چھپانے اور دکھانے کی گفتگو درست نہیں، کیا محسن نقوی صدر آصف زرداری کے بیٹے نہیں؟ محسن نقوی نے ہمیشہ صدر آصف زرداری کو احترام دیا ہے، صدر زرداری نے کئی بار کہا محسن نقوی ان کے منہ بولے بیٹے ہیں، کیا یہ بے عزتی ہے؟ میں نے اپنا مؤقف دلیل کے ساتھ بیان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں پر جب تک پارٹی فیصلہ نہیں کرتی، سب کو رائے دینے کا حق ہے۔ اکنامک فورم میں تقاریر ہوئیں، وہاں سے صوبوں کا معاملہ الجھا۔ صوبوں سے زیادہ سسٹم تباہ ہونے کی بحث ہو رہی ہے، سسٹم تباہ ہونے کی بحث شروع کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ صوبے بننے یا نہ بننے کی بحث رہنے دینی چاہیے تھی، ریفرنڈم اور صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کی بحث متنازع صورتحال میں داخل ہو چکی، پارلیمنٹ میں معاملہ آتا تو اب تک فیصلہ ہو چکا ہوتا۔ ایک فریق نے کشتیاں جلا دی ہیں، اب اتفاق رائے کرنا ہوگا، اتفاق رائے پارلیمنٹ میں ہوگا۔ فریقین انتہائی مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں، ان کے درمیان اتفاق رائے یا راستہ نکلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کا معاملہ اس جگہ آئے گا جہاں فیصلہ ہونا ہے تو ن لیگ فیصلہ کرے گی، ن لیگ فیصلہ کرنے بیٹھے گی تو سب کو اپنی رائے دینے کا حق ہوگا۔






