تخت بھائی: تخت بھائی میں آٹے کی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ تحصیل بھر میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3700 روپے اور فائن آٹا 3900 روپے تک پہنچ چکا ہے، لیکن انتظامیہ نے تاحال خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
مہنگائی کے اس طوفان میں صرف غریب عوام ہی پس رہے ہیں۔ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب سے خیبرپختونخوا کو آٹے کی ترسیل کے دوران راستوں میں بھتہ وصول کیا جاتا ہے، جس کا سارا بوجھ آخرکار عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آٹے کی قیمت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اب خیبرپختونخوا اور وفاق میں ایک ہی جماعت کی حکومت ہے، اس لیے آٹے اور گندم کی ترسیل پر عائد غیر قانونی رکاوٹیں اور بھتہ خوری ختم کی جائے تو عوام کو فوری ریلیف مل سکتا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کیا جائے، ذخیرہ اندوزوں اور بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ورنہ عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔






