مشہور اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے 2030 کے فٹبال ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کر لیے ہیں، کمپنی اسپین اور انڈورا میں ٹورنامنٹ کے میچ دکھائے گی، یہ پہلا موقع ہوگا جب نیٹ فلکس اسپین میں مردوں کے کسی بڑے بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے میچ نشر کرے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیٹ فلکس نے منگل کو اعلان کیا کہ اس نے 2030 ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کر لیے ہیں تاہم کمپنی نے اس معاہدے کی مالی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
نئے معاہدے کے تحت اسپین میں ناظرین کے لیے یہ سہولت رکھی گئی ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران ہر روز ہونے والے میچوں میں سے ایک میچ مفت دیکھا جا سکے گا، اس کے علاوہ نیٹ فلکس ایک ایسا مفت ٹی وی چینل بھی فراہم کرے گا جس پر منتخب میچ نشر کیے جائیں گے، ان میچوں میں اسپین کی ٹیم کے تمام مقابلے، دونوں سیمی فائنل اور فائنل بھی شامل ہوں گے۔
تاہم نیٹ فلکس نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ مفت نشریات کے لیے کون سا چینل استعمال کیا جائے گا۔
اسپین کی قومی فٹ بال ٹیم نے اس سال شمالی امریکہ میں ہونے والا ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا اور اب یہ ملک پرتگال اور مراکش کے ساتھ مل کر 2030 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، اس عالمی ٹورنامنٹ کی سو سالہ تقریبات کے سلسلے میں افتتاحی میچز ارجنٹائن، پیراگوئے اور یوراگوئے میں بھی کھیلے جائیں گے۔
نیٹ فلکس اب صرف فلموں اور ڈراموں تک محدود نہیں رہا بلکہ کھیلوں کی براہ راست نشریات میں بھی اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، کمپنی پہلے ہی امریکی فٹبال لیگ این ایف ایل، بیس بال، ڈبلیو ڈبلیو ای، باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس جیسے کھیلوں کے پروگرام اپنے پلیٹ فارم پر پیش کر رہی ہے۔






