سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ، 11 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں بھارتی پراکسی “فتنۃ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق 6 ستمبر کو خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کر کے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کر کے انہیں روکا اور مؤثر انداز میں انگیج کیا جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 7 ستمبر کو واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منصوبہ بند آپریشن کیا گیا۔ کارروائی میں دہشت گردوں کی کمین گاہ تباہ کی گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے دوران 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جو دیسی ساختہ بم بنانے میں استعمال ہونا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔